نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ نواز کے رہنما بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں لیگی رہنما بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کے حوالے سے دعوے زیر گردش تھے۔
بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے موجودہ گورنر اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ بشیر میمن کو گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
تاہم، اتوار کو نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس دعوے اور اس حوالے سے زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا۔
اپنے بیان میں نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں اور انہیں گورنر سندھ تعینات نہیں کیا جارہا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ آئندہ چند روز میں ہو جائے گا۔
اسحاق ڈار کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ گورنر سندھ کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) سے مشاورت جاری ہے۔