کراچی کے رائل پام گالف کلب کے احمد بیگ نے 28 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2024 کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ مرگلہ گرینز گالف کلب کے محمد شبیر پروفیشنل کیٹیگری میں دوسرے نمبر پر رہے۔
اتوار کو 28 ویں چار روزہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا کراچی میں انعقاد ہوا جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمان خصوصی تھے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے چیمپئن شپ کے انعقاد پر پاکستان نیوی، کراچی گالف کلب اسٹاف اور منتظمین کی انتھک کوششوں کو سراہا اور فاتحین کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کھیل کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی جو گالف کے شرکاء کے لیے دلچسپ اور معیاری تفریح ثابت ہوئی۔
انہوں نے گالف کے کھیل اور چیمپئن شپ کے انعقاد میں معاونت کرنے والے اسپانسرز اور میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مقابلے کے میچز پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز، ایمیچرز، سینئر ایمیچرز، ویٹرنز، لیڈیز اور جونیئر کیٹیگریز میں منعقد ہوئے۔
پروفیشنلز کے علاوہ، محمد طارق نے سینئر پروفیشنل کیٹیگری کا ٹائٹل جیتا جبکہ ماسٹر محمد اشس جونیئر پرو کیٹیگری میں چیمپئن قرار پائے۔
امیچرز کیٹیگری میں عمر خالد مجموعی فاتح رہے جبکہ محمد ضیاء حئی نے نیٹ ونر کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ محمد قاسم کو 'ہول ان ون' اسکور کرنے پر ٹویوٹا فارچیونر کا خصوصی انعام دیا گیا ۔
اس پر وقار تقریب میں ملک بھر سے 600 سے زائد گالفرز نے شرکت کی۔
تقریب تقسیم انعامات میں بڑی تعداد میں معززین، اسپانسرز، میڈیا نمائندگان اور تجربہ کار گالفرز نے شرکت کی۔