وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ پاک چین سرمایہ کاری کو مزید سودمند بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔
چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی سے گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ 100 سے زائد چینی کمپنیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہمارا سفارت خانہ چینی کمپنیوں کو ہر ممکن مدد دے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین سے ٹیکسٹائل، پلاسٹک، سرجیکل اور فٹ وئیر سمیت مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری ہو گی۔ دونوں ممالک تعمیرات کے بڑے شعبے میں بھی جوائنٹ وینچرز کر سکتے ہیں۔ چین اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سیشن سے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔