الخدمت فاؤنڈیشن نے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ‘‘ کے تحت 11 اگست سے 18 اگست تک ملک بھر میں ہفتہ شجر کاری مہم منانے کا اعلان کر دیا۔ سر سبز پاکستان مہم کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر ایک سال کے اندر لاہور میں 10 لاکھ پودوں سمیت پاکستان بھرمیں 25لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
اسی حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، لاہور ریجن کے نائب صدر چوہدری محمد سلیم، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی و دیگر ذمہ داران سمیت رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے ’’گرین اینڈ کلین پاکستان موومنٹ‘‘ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’سر سبز پاکستان‘ کے تحت شجر کاری ہماری بڑی موومنٹ کا حصہ ہے، جس کے تحت شجر کاری سے متعلق آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ پودوں کی نرسریاں بھی قائم کی جا رہی ہیں جس کے لیے 80 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ایسے پودوں کا انتخاب کرتی ہے جو انسانوں یا جانوروں کیلئے نقصان دہ ثابت نہ ہوں اور آلودگی کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کریں، اس شجرکاری مہم میں ہمارے ساتھ پاکستان بھرکی مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عام نوجوان بطور والنٹیر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگانے سے زیادہ، لگائے جانے کے بعد ان کی حفاظت اور نگہداشت اہم ہے اس کیلئے ہمیں پی ایچ اے لاہورکا تعاون حاصل ہے جو لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کرتاہے۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے 9 پلانٹیشن ڈرائیوز کا اہتمام کیا جن میں ہزاروں والنٹئرزنے خدمات سرانجام دیں، رواں برس سے اب تک 28 پلانٹیشن ڈرائیو کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
شعیب ہاشمی نے کہا کہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جہاں موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے وہیں پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ تاثر ہونے والے ممالک میں سے ہے، 2022ء کے سیلاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کہا تھا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کی خرابی میں سب سے کم کردار پاکستان کا ہے لیکن سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے۔