وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے معاہدے کی منظوری کے بعد کلائمیٹ فنانسنگ پربھی بات چیت کی جائے گی اکتوبر میں سالانہ میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہو گی۔
وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے، پاکستان کوموسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنا ہو گا، پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے موسمیاتی تبدیلی کی فنانسنگ کیلئے موثر منصوبے بنانا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خزانہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کےساتھ مل کرکام کر رہی ہیں، ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بجٹ، ٹیکس اقدامات، انرجی سیکٹر، معیار زندگی بہتربنانا ہوگا، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ ملکر موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی مانیٹرنگ بہتربنانا ہوگی۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ملکی معشیت کو بہتر بنانے کیلئے نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پرمبنی اہم پالیسیاں بنانا ہوں گی۔