یورپی اراکین پارلیمنٹ کا جی ایس پی پلس اسکیم کو مزید 4 سال توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ یورپی یونین اراکین نے 2027 تک ترجیحات کی عمومی اسکیم (جی ایس پی) کے قوانین کو رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ یورپی کونسل جلد ہی موجودہ اسکیم کی توسیع کے لیے اپنی حتمی منظوری دے گی۔
گوہر اعجاز کا مزید کہنا ہے کہ میں اس موقع پر سب کی بہتری کے لیے اسکیم کے تحت پاکستان کے وعدوں کا اعادہ کرتا ہوں، میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ترقی پذیر ممالک سے تجارت کو آسان بنانے کے اپنے عزم پر پورا اترے۔
دوسری جانب پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بھی ٹویٹر پیغام میں جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے اختتام پر فیصلے کے بجائے پہلے ہی توسیع کی تجویز دے دی گئی ہے اور توسیع کا تعلق پاکستان کی کارکردگی یا کسی اور رکن ملک سے نہیں۔
واضح رہے کہ جی ایس پی 1971 سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ یورپی یونین کے تجارتی معاہدے کا حصہ ہے۔ یہ پالیسی 60 سے زیادہ ممالک کا احاطہ کرتی ہے اور تقریباً ارب افراد کو فائدہ پہنچاتی ہے۔