ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یوم شہدائےپولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پولیس شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی قیام امن کےلیےتمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں، پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، یوم شہدائے پولیس پر شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ قوم ہمیشہ سرخرو ہوتی ہے جو اپنے شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہدا کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدائے پولیس پر تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہدا کی تکریم پہ کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت پنجاب ہر لمحہ شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی، کچے کے علاقے سمیت ہر علاقے میں پولیس فورس قابل قدر فرائض سر انجام دے رہی ہے، پنجاب حکومت شہداکے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، ہرشہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے۔