پاک فوج کی ملک کےلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں انتہائی نڈر اور بہادر سپاہی حوالدار ظل حسنین بھی شامل ہیں، جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ حوالدار ظل حسنین نے 16 جولائی 2024 کو بنوں کنٹونمنٹ میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ حوالدار ظل حسنین شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور بچے چھوڑے۔
حوالدار ظل حسنین شہید کے والد نے اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بہت بہادر اور دلیر تھا، میرے بیٹے کا اخلاق بہت اچھا تھا اور میں اپنے بیٹے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں میرے بیٹے کا پاک فوج میں بھرتی ہونے کا مقصد ہی یہی تھا کہ شہادت کا رتبہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرنا تو سب نے ہی ہے لیکن بہترین موت شہادت کی موت ہے جو میرے بیٹے کو نصیب ہوئی، اللہ پاک فوج کےجوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
حوالدار ظل حسنین شہید کے بھائی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ میرے بھائی نے اپنی جان وطن پر قربان کی، یہ صدمہ ہمارے لیے بہت بڑا ہے لیکن اللہ نے ہمیں صبر عطا کیا، بھائی کی شہادت کی وجہ سے ہماری عزت مزید بڑھ گئی ہے۔ حوالدار ظل حسنین کی شہادت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔