رحیم یارخان کے کچے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
رحیم یارخان میں تھانہ ماچھکہ کی حدود میں کچے کے ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران دل کا دورہ پڑنے پر ایس ایچ او رانا محمد رمضان جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ بھونگ میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں کانسٹیبل امتیاز۔۔ جہانگیر اور طارق شہید ہوگئے۔
شہدا کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں راو کامران خان ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، رائے بابر سعید آر پی او بہاولپور، عمران احمد ملک ڈی پی او رحیم یارخان سمیت اہلکاران و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افسران کی جانب سے شہدا کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جس کے بعد ان کو آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز ماچھکہ اور بھونگ پولیس مقابلہ میں 5ڈاکو ہلاک ہوئے تھے۔