وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ حکومت مستحکم ہے۔ بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات چاہتے ہیں یہ اللہ جانتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم سمیت پوری ٹیم اپنا کام بھرپور عزم سے جاری رکھے گی۔ بلوچستان میں جاری دھرنے مکمل صوبائی معاملہ قرار دیا، البتہ یہ ضرور کہا کہ وفاق صوبائی حکومت کو معاونت فراہم کرے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاراچنار کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت سے بھی رابطہ ہے، زمین کے جھگڑے پر پارا چنار کا واقعہ پیش آیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حکومت نے سیز فائر کرایا اور فریقین کو ایک میز پر بٹھایا۔
وزیر داخلہ نے آئی پی پیز کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔ وزیراعظم شہباز شریف اس پر دیکھ رہے ہیں کہ کیسے حل نکالنا ہے، ایک سوال پر وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات چاہتے ہیں ،یہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کرم سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مجلس وحدت المسلمین کے رکن قومی اسمبلی حمید حسین کررہے تھے۔ وزیرداخلہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کہا دو گروپوں کے درمیان تصادم کو غلط رنگ دیا گیا۔ بھائی چارے اور ہم آہنگی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت معاملے کے حل کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔