وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سیلاب میں گندم کے ذخائر کو نقصان کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں سب کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف پاسکو میں کرپشن کے خلاف ڈٹ گئے۔ ایک ہفتے میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گندم اسکینڈل کی تحقیقات ڈی جی ایف آئی اے کو سونپ دیں۔ وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ گندم چوری کی انکوائری رپورٹ دو ہفتوں میں پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحقیق کی تحقیقات کی جائے کہ سرکاری سبسڈی کے مکمل اثرات عوام تک کیوں نہیں پہنچے ، پاسکو کے انتظامی اخراجات پر مفصل رپورٹ تیار کی جائے ۔ پاسکو پر بینکوں کے واجبات اور ان پر سود کی رقم کی تحقیقات کریں۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم انسپکشن کمیشن کو ابتدائی انکوائری میں گمراہ کن معلومات فراہم کی گئیں ، سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن ریٹائرڈ سعید مسابقتی کمیشن کے ممبر ہیں جسے چھپایا گیا ۔ نئے اسکینڈل میں تین ارب 40 لاکھ روپے کی گندم غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس بات کی بھی مکمل انکوائری کی جائے گی کہ 2022 کے سیلاب میں 34 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ کہاں گیا ۔ کرپشن میں ملوث پاسکو افسران کے خلاف ایف آئی اے اور نیب میں ریفرنس دائر کئے جائیں گے۔