خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا۔
ترجمان پاکستان آئل فیلڈ (پی او ایل) کے مطابق ٹل بلاک میں رزگیر ون کنویں سے تیل و گیس کا ذخیرہ ملا ہے، کنویں سے یومیہ 250 بیرل خام تیل اور 20 ملین میٹر اسٹینڈرڈ کیوبک گیس ملے گی۔ کنویں کی کھدائی اس سال جنوری میں شروع کی گئی تھی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تیل و گیس کا کنواں پی او ایل، او جی ڈی سی اور پی پی ایل کی مشترکہ ملکیت ہے، پاکستان آئل فیلڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط بھیج کر دریافت سے متعلق آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل اٹک میں بھی تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا تھا، تیل و گیس کا کنواں پاکستان آئل فیلڈ نے اٹک کے اخلاص بلاک میں دریافت کیا ہے، کنوین سے یومیہ 714 بیرل خام تیل حاصل ہورہا ہے۔ پاکستان آئل فیلڈ کا کہنا ہے کہ کنویں سے یومیہ 10 ملین کیوبک فٹ گیس نکل رہی ہے۔