وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے ہنر مندی کے چیئرپرسن عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے نوجوانوں، پسماندہ طبقات اور دیہی خواتین کی ہنر مندی پر توجہ مرکوز کی ہے۔
اس سسلہ میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوجوانوں اور خواتین کی مہارت کی نشوونما کے لیے چار بنیادی شعبوں کی نشاندہی کی ہے جس میں صحت کی دیکھ بھال اور نرسنگ، تعمیرات اور مہمان نوازی شامل ہیں۔ ان تمام شعبوں میں مزدوروں کی مانگ مشرق وسطیٰ کے خطے میں بہت زیادہ ہے اور سب سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت کام کی تلاش میں ان ملکوں کا رخ کرتے ہیں۔
پنجاب کے تمام سکل ڈویلپمنٹ کے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کے وہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سکل ڈویلپمنٹ اور تربیتی پروگرام ترتیب دیں تاکہ پنجاب کے نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے بہترین مواقعے پیدا ہو سکیں۔
پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ(پی ایس ڈی ایف) کے ساتھ ایک میٹنگ میں عدنان افضل چٹھہ نے سکل ڈویلپمنٹ کے مرکوز پروگراموں کی نشاندہی کی جس میں چیف منسٹر سکلڈ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام برائے خواجہ سرا، اور پنجاب بھر میں آئی ٹی ٹریننگ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا شامل ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ وزیر اعلیٰ نے بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن سے ہم آہنگ نظام بنانےکی اہمیت پربھی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس میں مشرق وسطی کے ممالک پر خصوصی توجہ دینے کی امر پر زور دیا ہے کیونکہ ان ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت میں اضافہ کیا جا سکا۔ جس سے نہ صرف ملک میں ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا بلکہ محنت کشوں کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکےگا۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملک کی فری لانس کام کرنے والوں کی بہتری کے لیے گوگل، آئی بی ایم، میٹا وغیرہ سے آئی ٹی کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کی ضرورت کی نشاندہی کی۔
عدنان افضل چٹھہ نے صوبے کے نوجوانوں میں تربیت اور ہنرمندی کی ترقی کے حوالے سے پی ایس ڈی ایف کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کے ادارہ اپنی سٹریٹجک شراکت داریوں کی وجہ سے پنجاب کے نوجوانوں کو خوشحال مستقبل کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔





















