ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل 21 ویں روز بھی اضافے کا رجحان برقرار رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق آج انٹربینک میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مزید ایک روپے 7 پیسے گرکر 282.55 روپے پر آگیا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپے سستا ہوکر 284 روپے پر آ گیا۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز بھی انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 98 پیسے سستا ہوکر 283 روپے 70 پیسے پر پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 5 ستمبر سے لے کر 4 اکتوبر تک انٹربینک میں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 23 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے سے 46 روپے سستا ہوچکا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے روپیہ تگڑا ہونے لگا۔ اس وقت روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں سات ہفتے کی بلند ترین سطح پر ہے اور پاکستانی روپیہ ستمبر کے دوران دنیا کی بہترین کارکردگی کرنے والی کرنسی بن گیا۔