جرمنی میں پاکستانی سفارت خانہ پر مشتعل مظاہرین کے حملے اور قومی پرچم اتارنے کے واقعہ کے خلاف وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے ”حرمت پرچم“ مہم کا آغاز کردیا گیا۔ وفاقی وزراءنے پاکستانی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر دیں۔
وفاقی وزراءنے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کے ہمراہ قومی پرچم سے والہانہ محبت کے پیغامات بھی تحریر کئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراءسردار اویس لغاری، عبدالعلیم خان، رانا تنویر، عطاءاللہ تارڑ سمیت دیگر وزراءنے بھی قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر اس عنوان سے تصویر جاری کی کہ چاند روشن چمکتا ستارہ رہے۔ سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک، علی پرویز ملک اور جام کمال خان نے بھی قومی پرچم اور 'پاکستان زندہ باد' کے پیغام کے ساتھ تصاویر جاری کیں۔
سوشل میڈیا پر وفاقی وزراءکی ”حرمت پرچم“ مہم کی خوب پذیرائی کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی کارکن صحافی، دانشور، اساتذہ، وکلا، ڈاکٹر،کسان، مزدور اور کاروباری حضرات بھی حرمت پرچم مہم کا حصہ بنیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کیا تھا۔ افغان باشندوں نے اس دوران پاکستانی پرچم بھی اتار دیا تھا۔