بنگلہ دیش میں جاری ہنگاموں کے پیش نظر موبائل فون اور انٹر نیٹ سروسز اگلے ہفتے تک بند رکھنے کافیصلہ کیا گیاہے جبکہ بیشتر شہروں میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے فوج تعینات کی گئی ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلا دیش میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز اگلے ہفتے تک بند رہیں گی، اگلے ہفتے کے شروع میں انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے کی توقع ہے، مختصر روٹس پر ٹرین سروس کل سے بحال ہوگی، جمعہ کو انٹر سٹی ٹرین سروس بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق 31 جولائی کو شیڈول پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب ڈھاکا میں اپوزیشن جماعت بی این پی کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا جس دوران ڈنڈے اور مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیار برآمد کیئے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں طلباء کا مجاہدین آزادی کو دیئے گئے نوکریوں کے کوٹے کے خلاف احتجاج ہنگاموں کی شکل اختیار کر گیا تھا جس دوران متعدد سرکاری عمارتیں جلا دی گئیں ، یہ مظاہرے بنگلہ دیش کے 24 شہروں تک پھیل گئے جس میں 180 افراد کے ہلاک ہونے اور 2500 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔بنگلہ دیش میں حالات کی خرابی کے باعث کرفیو نافذ ہے ، انٹرنیٹ سمیت دیگر سروسز بھی معطل ہیں ۔