وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے وزراء کو سیاسی صورت حال پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل،پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے فیصلوں پر غور ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم قومی امور زیر بحث آئیں گے، وفاقی کابینہ ملکی معاشی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لے گی، وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے وزراء کو سیاسی صورت حال پر اعتماد میں لیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے اتحادیوں کی جانب سے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ حکومت نے اس معاملے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے مسلم لیگ ن کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔