امریکی صدر جو بائیڈن نے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر اور ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے آئندہ انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں جوبائیڈن نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
اپنے پیغام میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اپنی باقی مدت کے لیے بطور صدر ذمہ داریاں نبھاؤں گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اپنے فیصلے سے متعلق رواں ہفتے قوم سے خطاب کروں گا۔
کمیلا ہیرس کی نامزدگی
دستبرداری کے اعلان کے بعد جو بائیڈن نے کمیلا ہیرس کوصدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2020 میں کمیلا کو اپنا نائب منتخب کرنا میرا بہترین فیصلہ تھا اور کمیلا ہیرس کو بطور صدارتی امیدوار نامزد کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ ڈیموکریٹ متحد ہوں اور ٹرمپ کو شکست دیں۔