وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے جنوری سے بجلی کی قیمتوں میں 4 سے 5 فیصد کمی کی خوشخبری سنا دی۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت کم کرنا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج بھی اور ترجیح بھی، پچھلے سال کی ری بیسنگ کے باعث بجلی بلوں پر 6 ماہ تک دباؤ رہے گا۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جنوری 2025 سے بجلی کی قیمت میں 4 سے 5 فیصد ہوجائے گی، کوئلے سے بجلی بنانے کیلئے چینی سرمایہ کاری لا رہے ہیں جس سے قیمت 2 روپے کم ہوگی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ 200 یونٹ والے 2 کروڑ 80 لاکھ صارفین کی سہولت اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کپیسٹی پیمنٹ تبدیل نہیں ہوگی ، معاہدوں کی شرائط میں نرمی کیلئے کوشاں ہیں، آئی پی پیز کیلئے ریکوڈک کی طرح غیر ذمہ داری نہیں دکھائیں گے، سیاسی بیان بازی کرنا بہت آسان ہے، ہم مکمل ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 میں بننے والے بجلی گھروں کی بجلی استعمال نہ ہونا مسائل کی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2017-18 کے بعد ملکی ترقی رکنے پر بجلی کی مانگ بڑھنا ختم ہوگئی، سابق نگران وزرا نے اپنے دور میں کچھ کیا نہیں اور اب سیاسی بیان بازی کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو ابھی تین چار ماہ ہی ہوئے ہیں، مسائل کا حل جلد نکال لیں گے۔