گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے داﺅدی بوہرہ برادری کے رہبرعالی مقام سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد کراچی میں ملاقات کی اورعشرہ مبارکہ کے آٹھویں وعظ میں شرکت کی۔
سینیئر حکومتی حکام اور اہم شخصیات کا صدر کی تاریخی بوہرہ مسجد آمد پر سیدنا ان کے اہل خانہ اور بوہرہ برادی کے ہزاروں لوگوں نے پرجوش استقبال کیا۔
سیدنا مفضل سیف الدین نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختصرا عشرہ مبارکہ کے اجتماعات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے امام حسین ابن علی کی اپنے اہل بیت کے ساتھ اسلام، انصاف اور انسانیت کے اصولوں پر ڈٹ جانے اوراس کے لیے اپنی جان قربان کرنے کونمایاں کیا۔
انہوں نے نبی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث پیش کی کہ تمام مخلوقات ایک ہی برادری سے ہیں جن کا دارومدار اللہ پر ہے اور اللہ کو سب سے زیادہ محبت اس سے ہے جو اپنے خاندان کے لیے زیادہ مفید ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ تمام مخلوقات کا خالق ایک ہی ہے اور ہمیں نہ صرف ایک دوسرے بلکہ تمام مخلوقات کے فائدے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ حدیث بھی پیش کی کہ اپنے وطن کی محبت ایمان کے بنیادی اجزا میں سے ایک ہے۔
انہوں نے داﺅدی بوہرہ برادری کو تلقین کی کہ وہ ایماندار اور قانون کے پابند شہری بنیں اور اپنے ملک کی ترقی دینے والی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
انہوں نے گورنر اوروزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ حکومت پاکستان نے داﺅدی بوہرہ برادری کے کراچی میں عشرہ مبارکہ کامیاب بنانے کے لیے ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین کی کراچی آمد سندھ کے لیے باعث فخر ہے، ہم سیدنا اور دنیا بھر سے محرم اجتماعات کے لیے کراچی آنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس سال عشرہ مبارکہ کے لیے کراچی کے انتخاب پر سیدنا کی تعریف کی اور کہا کہ سیدنا کی دعاﺅں اور برادی ارکان کی آمد سے شہر کی تجارتی سرگرمیوں پر مثبت اثر پڑا۔
عشرہ مبارکہ کے وعظ میں اعلیٰ سطح کے حکام کی آمد سے اس روحانی اجتماع کی اہمیت اور داﺅدی بوہرہ برادری کے پاکستان اور اس کے لوگوں سے تعلقات اجاگر ہوئے۔
سیدنا مفضل سیف الدین کے تمام مخلوقات کا خیال رکھنے اور اپنے وطن سے محبت کے الفاظ سے برادری کی اقدار اور لوگوں کو جمع کرنے کے اس کے کردار کی عکاسی ہوئی، اس اہم مذہبی اجتماع میں مذہبی اور ریاستی قیادت کی ملاقات سے پاکستانی معاشرے میں باہمی احترام اور تعاون کی مستحکم روایت کا بھی اظہار ہوا۔
عاشورہ مبارکہ کے دوران بوہرہ برادری کو ناصرف رہنمائی مل رہی ہے بلکہ کراچی کے سماجی اور اقتصادی منظر نامے میں بھی مثبت کردار سامنے آیا ہے جس سے برادری کی جانب سے قومی ترقی اور مذہبی ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ ہوا۔