پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آلراؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی پوری سلیکشن کمیٹی فارغ کرتے یا کسی کو بھی نہ ہٹاتے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی نے قومی ٹیم کی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی کے ممبر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا ایک چیئرمین منتخب ہونا چاہیے تھا، تاہم، اب پوری سلیکشن کمیٹی فارغ کرتے یا کسی کو بھی نہ ہٹاتے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ سے رپورٹس آخر کون نکالتا ہے ، کون ہے کرکٹ بورڈ میں جو باتیں لیک کر رہا ہے، منیجر رپورٹ خفیہ ہوتی ہے ، آخر وہ لیک کیسے ہو سکتی ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بورڈ خود بتائے کہ کونسا لڑکا کیا کررہا تھا ، آخر خبریں ذرائع سے کیوں آرہی ہیں ، بورڈ خود جاری کرے، چیئرمین بورڈ خود بتائیں کہ کس کے حوالے سے کیا رپورٹ ملی، سینیر منیجر وہاب ریاض کی رپورٹ کدھر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ صحیح بندہ صحیح کرسی پر بیٹھا ہی نہیں، خرم نیازی کو کس کوالیفیکیشن کے تحت بورڈ میں لگایا ، کوئی مجھے خرم نیازی کی کوالیفیکیشن تو بتائے ، میرٹ پرفیصلے نہیں ہوں گے تو کوئی بہتری کی امید نہ رکھے۔