سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی ،بشری بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے عدالت کو بتایا کہ شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستان سے غیر قانونی طور پر باہر بجھوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی ، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کئے گئے، ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی تھی۔
پرویز خٹک کے بیان کے دوران بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے، بانی پی ٹی آئی نے بیان کے دوران چٹکلہ چھوڑا، کہا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیے۔ پرویز خٹک نے اپنا بیان 15 منٹ میں ریکارڈ کرایا اور واپس چلے گئے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی۔