بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کے سیکرٹری جے شاہ نے روہت شرما کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جے شاہ کا کہنا تھا کہ روہت شرما چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی قیادت کریں گے اور ہندوستان آئندہ چیمپئنز ٹرافی 2025 اور اگلے سال منعقد ہونے والی تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جیتے گا۔
یاد رہے کہ روہت کی کپتانی میں ہندوستان نے گزشتہ ہفتے بارباڈوس میں T20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دے کر 11 سال بعد آئی سی سی ٹائٹل جیتا ہے۔
بھارتی ٹیم اس سے قبل روہت کی کپتانی میں دو فائنل کھیل چکی ہے جن میں ون ڈے ورلڈ کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل شامل ہے۔