پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کرپٹ نظام اور مافیا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا 6 جولائی کو اسلام آباد میں ہمارا جلسہ ہے ، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ عوام اس میں شامل ہوں ۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد ہے کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے جب قانون کی حکمرانی ہوئی تو طاقتور اور غریب سب قانون کے دائرے میں ہوں گے ۔
علی محمد خان نے گلہ کیا قوم کے لیڈر کو اتنی گرمی میں رکھ کر اس عمر میں بہت زیادتی ہو رہی ہے ، ان جیسا لیڈر ن لیگ ، پیپلز پارٹی ، جمعیت یا جماعت اسلامی میں نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو سال میں بجلی اور گیس مہنگی کر دی گئی ، سرکاری ملازمین کو دبایا جاتا ہے، موٹی گردن والوں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا ، پوری قوم آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے باہر نکلے۔