آئندہ ماہ دمبولا میں ہونے والے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ 19 سے 28 جولائی تک منعقد ہوگا۔
پاکستان ٹیم کا انتخاب کراچی میں منعقدہ چار روزہ کیمپ کے اختتام پر کیا گیا ہے۔
پاکستان کے اسکواڈ میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔
عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں۔
گزشتہ ماہ انگلینڈ کا دورہ کرنے والے 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھیں ۔
سلیکٹرز نے ارم جاوید، عمیمہ سہیل، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ارم جاوید نے اپنا 53 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا جبکہ عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں اپنا 48 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا اور ٹی ٹوئنٹی میں عروب کا ساتواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی ستمبر 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں تھا۔
دوسری جانب اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگا اور 16 جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔
پاکستان کو گروپ اے میں بھارت ، نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اور ملائیشیا گروپ بی میں ہیں، ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں 26 جولائی کو سیمی فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔