ملک میں موبائل فونز، کاروں اور چائے سمیت متعدد اشیاء کی امپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 11 ماہ کے دوران ساڑھے 66 ارب روپے کی گاڑیاں اور 171 ارب روپے کی چائے اور 458 ارب روپے سے زائد کے اسمارٹ فونز درآمد کئے گئے۔
زیرجائزہ عرصے کے دوان ملک میں چائے کی امپورٹ میں 17 فیصد، موبائل فونز کی درآمد میں 214 فیصد اور کاروں کی امپورٹ میں 269 فیصد اضافہ ہوا۔ زرمبادلہ میں اسمارٹ فونز کی درآمد کا حجم ایک ارب 62 کروڑ ڈالر اور کاروں کی امپورٹ کا حجم 23 کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہا۔
بیرون ملک سے ساٹھ کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی چائے منگوائی گئی۔ خام تیل کی امپورٹ 12 فیصد بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ بیرون ملک سے 7 ارب 60 کروڑ ڈالر کی مشینری منگوائی گئی جو گذشتہ مالی سال کی نسبت 40 فیصد زیادہ رہی۔