فیصل آباد میں لیپ ٹاپ بیٹری پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ بیٹری پھٹنے کے بعد گھر میں آگ بھی لگ گئی۔ واقعہ ستیانہ روڈ پر گھر میں پیش آیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق آگ سے جھلسنے والےدو بہن بھائی الائیڈ اسپتال میں دم توڑ گئے۔ جبکہ تین بچوں سمیت سات زخمی زیرِ علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں آگ چارجنگ پر لگے لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے لگی۔ آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان نے کہا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن واقعے کی تحقیقات کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں دینے کا حکم دیا ہے۔
ہارڈویئر ایکسپرٹ عمار جعفری کا کہنا ہے کہ موبائل یا لیپ ٹاپ کی بیٹریوں کو چارج کرتے ہوئے کیا احتیاط کرنی چاہئے۔ بیٹری چارج ہونے کے بعد فوری اتار لی جائے، ساری رات بیٹری چارج کرنے سے بچا جائے۔