وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قربانی کا جذ بہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلی ٰمقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ اور عظیم اسلامی عبادت حج بیت اللہ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش اور اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور اطاعت کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا اللہ تعالی کی خوشنودی کی خاطر سر خم تسلیم کرنے کا یہ عمل بارگاہ الہی میں اتنا محبوب ہوا کہ اسے تا قیامت امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں،میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہم کنار اور جذبہ ایثار و قربانی پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔