الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے عیدالضحیٰ قاہرہ مصر میں غزہ مہاجرین کے ساتھ منائی۔
صدر الخدمت نے تجمل خامس قاہرہ میں عید کی نماز ادا کرنے کے بعد انہوں نے غزہ جنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی انہیں قربانی کا گوشت فراہم کیا جبکہ بچوں میں تحائف اور عیدی تقسیم کی۔
بعدازاں مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج غزہ کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے 1600 بڑے جانوروں اور 1300چھوٹے جانوروں کی قربانی کررہی ہے۔
قبل ازیں ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بلبیس کے مقام پر کیٹل فارم کادورہ کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کا جائزہ لیا۔
صدر الخدمت نے کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور اہل پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ سے ہجرت کرکے قاہرہ میں پناہ گزین ہونے والے فلسطینی خاندانوں کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے قربانی کا آغازکر دیا ہے اور قربانی کا یہ سلسلہ عید کے تین دن تک جاری رہے گا۔
قربانی کے بعد گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے غزہ مہاجرین کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔
صرف قاہرہ میں مقیم غزہ مہاجرین کے 2 ہزار خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائیں گے جبکہ قاہرہ میں موجود غزہ مہاجرین کے لیے بڑی دعوت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت نے قاہرہ کے مضافات میں 8 منزلہ رہائشی عمارت کرایے پر لی ہے جہاں فلسطینی خاندانوں کو ایک سال کے لیے ٹھہرائے جانے کا انتظام کیا ہے۔
الخدمت قاہرہ میں 2000 خاندانوں کو رجسٹر کر چکی ہے جبکہ 200 خاندانوں کے لیے رہائش سمیت دیگر ضروریات زندگی کا انتظام کر رہی ہے۔