نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ ان کے کیرئیرکا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
ہفتہ کو کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں یوگینڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دی جبکہ میچ میں ٹرینٹ بولٹ نے 4 اوورز میں 7 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوگینڈا کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ نے تصدیق کی کہ یہ ان کے کیرئیر کا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ ہے اور وہ 2026 میں ہونے والے ایونٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے سپر 8 مرحلے میں کوالیفائی نہ کرنے پر بولٹ نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر دکھ ہے۔
اگرچہ نیوزی لینڈ نے اس جاری ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ میں جگہ نہیں بنائی لیکن بولٹ کا اب بھی ایک آخری T20 ورلڈ کپ میچ باقی ہے جو پیر کو پاپوا نیو گنی کے خلاف کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ نے 2015 کے بعد سے ہر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم، اس بار کیویز اگلے مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔