قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے اعجاز احمد سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
،سما ٹی کے پروگرام زورکا جوڑ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انھیں اعجاز احمد سے ایسی امید نہیں تھی،ٹیم کو قومیت میں بانٹنے والی باتیں کیوں کی جارہی ہیں،جو بھی لڑکے سلیکٹ ہوتے ہیں،وہ چاہیے باقی صوبوں سے ہوں لیکن سلیکشن کمیٹی تو پنجاب کی بیٹھی ہے۔اعجاز احمد کو قوم سے فوری طور پر معافی مانگنی چاہیے،انکے بیان سے سب کی دل آزاری ہوئی ہے۔
اس سے قبل سابق کرکٹر عمرگل نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ کیوں ہمیں قومیت میں بانٹا جارہا ہے،ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں،آپ کے بیان سے دل آزاری ہوئی ہے،ہمیں ٹیم کی بہتری کیلئے نچلی سطح پر کام کی ضرورت ہے،یہ چیز معانی نہیں رکھتی کہ کھلاڑیوں کا تعلق چاہےکسی بھی ذات یا نسل سے ہو۔
خیال رہے کہ اعجاز احمد نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ غور کریں تو کرکٹ 80 فیصد ریموٹ ایریاز یا خیبرپختونخوا منتقل ہوچکی ہے، اگر سندھ کی ٹیم بھی بنائیں تو 6-8 کھلاڑی پٹھان ہوتے ہیں، ان کے پاس تعلیم ہے اور نہ ہی اتنا ایکسپوژرہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ صبح نماز پڑھنے جاتے ہیں اور شام کو گھر آجاتے ہیں، جب ان پر (دوران میچ) پریشر پڑتا ہے تو (برداشت) نہیں کرپاتے‘۔
انکے بیان پر سابق کرکٹرز کی جانب سےشدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔