پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 میں مسلسل دوسری شکست کے بعد بڑا دھچکا لگا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کافی کم نظر آرہے ہیں اور صورتحال پھر اگر مگر کی جانب بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
دو میچز ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کی سپر 8 رسائی دوسری ٹیموں پر منحصر ہوگئی، پاکستان کو رسائی کیلئے بقیہ دو میچ جیتنا اور امریکا کا دونوں میچ ہارنا لازمی ہوگیا ہے۔ پاکستان کو اگلے دو میچز کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنا ہیں جبکہ امریکا کو انڈیا اور آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔
اگر امریکا ایک میچ اور جیت گیا تو وہ سپر 8 کیلئے کوالیفائی کر لے گا، امریکا کیخلاف آئرلینڈ اور انڈیا کی فتح کی صورت میں پاکستان آئرلینڈ میچ ناک آؤٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹرز کی غیر ذمہ داری نے پاکستان کو جیتا ہوا میچ ہروا دیا۔ پاکستانی بیٹرز بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کر سکے ۔ بھارت نے میچ 6 رنز سے جیت کر پاکستان کی سپر ایٹ تک رسائی تقریباً ناممکن بنا دی، اگر امریکا نے آئرلینڈ کو ہرا دیا تو پاکستان کیلئے ورلڈ کپ کا سفر ختم سکتا ہے۔