قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈکپ کے بعد ٹیم کی اندرونی کہانی سامنے لانے کا عندیہ دیدیا ہے ۔
سماء نیوز کے پروگرام زور کا جوڑ میں میزبان حافظ عمران نے ٹیم میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے متعلق سوال کیا؟ جس پر سابق کپتان و چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ پینل میں محمد وسیم بیٹھے ہیں جنہوں نے بہترین انداز میں کام کیا تھا، انہیں بھی بہت چیزیں معلوم ہیں! مجھے بھی بہت کچھ معلوم ہے لیکن کھل کر بول نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کپتانی کی ہے ، سہیل بھی میرے ساتھ رہاہے ، آپ کا لیڈر کپتان ہوتاہے ، جو سب کو ساتھ لے کر چلتاہے ، کپتان ٹیم کا ماحول خراب کردیتاہے یاپھر وہ ٹیم کو بنا دیتاہے ، ، کپتان سب کو ساتھ لے کر چلتا ہے ۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ کوچز، ٹیم مینجمنٹ سے پہلے کپتان ہی ٹیم کو متحد کرتا ہے اسکے پاس اختیار ہوتا ہے جبکہ اسے سلیکشن کمیٹی سپورٹ کرتی ہے، میدان پر ٹیم لڑانے کا کام کپتان کا ہے۔
شاہد آفریدی نے واضح کہا کہ “شاہین کے ساتھ میرا رشتہ کسی اور قسم ہے، اگر میں کوئی بات کروں گا بھی لوگ یہی کہیں گے کہ اپنے داماد کو سپورٹ کررہا ہے، حالانکہ میں ایسا نہیں ہوں! اگر میری بیٹی، بیٹا یا داماد غلط ہیں تو میں غلط کہوں گا”۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے میں ہماری سلیکشن کمیٹی اور بورڈ نے بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں، ورلڈکپ کے بعد کھل کر بات کروں گا، ہمارے لوگوں نے خود اسی یونٹ کو خراب کیا ہے۔