نئے مالی سال کے بجٹ میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ترقیاتی بجٹ میں 3 ارب 71 کروڑ روپے اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ بجٹ میں 13 نئے جبکہ 21 پرانے منصوبوں کے لئے رقم رکھی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ترقیاتی بجٹ میں 3 ارب 71 کروڑ اضافے سے فوڈ سیکیورٹی کا بجٹ 8 ارب 85 کروڑ سے بڑھ کر 12 ارب 56 کروڑ ہوجائے گا۔
اگلے مالی سال فوڈ سیکیورٹی کے 13 نئے منصوبوں کیلئے ایک ارب 95 کروڑ مختص کیے جائیں گے، غذائی تحفظ کے 21 پرانے منصوبوں پر 10 ارب 61 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
جانوروں میں منہ کھر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے 40 کروڑ رکھے گئے ہیں، منصوبے کے فیز ون پر مجموعی طور پر 4 ارب 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ آبی گزرگاہوں کی بہتری کا 47 ارب لاگت کا منصوبہ ہے، اگلے سال 4 ارب روپے مختص ہوں گے۔
زیتون کی کمرشل بنیادوں پر کاشت کے فروغ کے منصوبے پر ایک ارب خرچ ہوں گے، زرعی شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے نئے منصوبے پر 70 کروڑ خرچ ہوں گے۔
خیبرپختوانخوا میں پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے کیلئے 60 کروڑ روپے، شمالی علاقہ جات میں ٹراؤٹ مچھلی کی فارمنگ کیلئے 20 کروڑ رکھے جائیں گے۔ کپاس کی پیداوار میں بہتری کے نئے منصوبے کیلئے 19 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
بیجوں کا معیار بہتر بنانے کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے 12 کروڑ 78 لاکھ، جانوروں میں مختلف بیماریوں کی نگرانی و تدارک کیلئے 10 کروڑ روپے مختص ہوں گے۔ ٹڈی دل ایمرجنسی سے نمٹنے کے 4 ارب مالیت کے منصوبے کیلئے صرف ایک کروڑ مختص کرنے کا امکان ہے۔