پاکستان میں ملٹی ملین ڈالرز بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی۔
تفصیلات کے مابق نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں سعودی حکام اور کمپنیوں سے اہم ملاقاتیں کیں ہیں۔ نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف اور سعودی وزیرآئی ٹی انجینیئر عبداللہ السواحہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوگئے، سعودی عرب میں پاکستانی کمپنیوں کو کام کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں گی۔
دونوں ممالک کا ماڈرن ٹیکنالوجی سینٹرز کےقیام اورٹاپ جامعات کے کیمپس کھولنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ای گورننس، اسمارٹ انفرا اسٹرکچر، ای ہیلتھ ،ای ایجوکیشن کےشعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے انوویشن سینٹرز اور سینٹر آف ایکسی لینس بھی قائم کیے جائیں گے۔
ڈیجیٹلائزیشن، الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے میدان میں بھی ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کیا جائے گا، ڈیجٹل ریسرچ، اختراع اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں شراکت داری مضبوط کریں گے۔ مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، روبوٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، گیمز اور بلاک چین باہمی تعاون کےاہم شعبے ہوں گے۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے لیے انفراسٹریکچر اور ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے میں تعاون کیا جائے گا۔