وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ8 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5جون کو شام 5 بجے ہوگا، آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ8 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ پیش کریں گے۔
وزیر خزانہ کی جانب سے 8 جون کو بجٹ 2024-25 پیش کرنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کی کارروائی دو روز کے لیے ملتوی کریں گے اور پیر کو دوبارہ اجلاس ہوگا۔
دو دن کے وقفے کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں بجٹ 2024-25 پر بحث شروع ہوگی جو جون کے آخر تک جاری رہے گی۔ ایوان جون 2024 کے آخر میں بجٹ 2024-25 کی منظوری دے گا۔
بجٹ 2024-25 اسی دن سینیٹ میں پیش کیا جائے گا جس دن اسے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ سینیٹ بجٹ پر بحث کرے گی اور 14 روز میں اس پر سفارشات تیار کرے گی۔
خیال رہے کہ سینیٹ 2012 کے رول آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 130 کے مطابق جب ایسا کوئی بل سینیٹ کو بھیجا جاتا ہے تو وہ 14 دن کے اندر اس پر قومی اسمبلی کو سفارشات پیش کر سکتا ہے۔