الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے زیر اہتمام غزہ کے بچوں اور خواتین کے لیے تین روزہ غزہ پیکنگ ڈرائیو کا آغاز ہو گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ نے غزہ جنگ سے متاثرہ بچوں اور خواتین کے لیے تین روزہ ’غزہ پیکنگ ڈرائیو‘ کا آغاز کر دیا ہے جبکہ الخدمت کمپلیکس میں جاری تین روزہ پیکنگ ڈرائیو میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ پاکستان کی صدر کلثوم فاطمہ رانجھا، سیکر ٹری جنرل سمیعہ سلمان، مختلف جامعات کی طالبات اور دیگر ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی خواتین رضاکار شرکت کر رہی ہیں۔
اس موقع پر کلثوم فاطمہ رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور بمباری سے ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں اور تقریبا ایک لاکھ حاملہ خواتین ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے جہاں غزہ کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے بڑا کام کیا ہے اور اب تک اڑھائی ارب روپے کی مالیت سے 2080 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کو فراہم کرچکی ہے وہیں الخدمت ویمن ونگ کے تحت غزہ کے بچوں اور خواتین کی ضروریات کے پیش نظر پریگنسی کٹس، بے بی کٹس اورہائی جین کٹس پر مشتمل امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ پیکنگ ڈرائیو اِسی کاوش کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہماری فلسطینی بہنیں، بیٹیاں اور بچے انتہائی تکلیف دہ حالات کاسامنا کررہے ہیں اور الخدمت ویمن ونگ کے تحت غزہ پیکنگ ڈرائیو کا مقصد اُن مظلومین تک یہ احساس پہنچانا ہے کہ پاکستان کے بچے اور خواتین اُن کے ساتھ ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے بھی غزہ پیکنگ ڈرائیو کا دورہ کیا اور الخدمت وومن ونگ کی غزہ کے بچوں اور خواتین کے لیےجذبات، کاوشوں اور عملی اقدامات کوسراہا۔