گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر ہتک عزت بل پر دستخط نہیں کروں گا۔
اتوار کو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے ملاقات کی جس کے دوران صحافتی نمائندوں نے ہتک عزت بل 2024 بارے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔
گورنر پنجاب سے ملاقات میں پی بی اے ، اے پی این ایس ، سی پی این ای ، پی ایف یو جے اور ایمنڈ کے نمائندے شریک ہوئے۔
وفد میں صدر سی پی این ای ارشاد عارف اور سیکرٹری پی ایف یو جے ارشد انصاری ، ایمنڈ کے سیکرٹری جنرل حافظ طارق محمود اور نائب صدر محمد عثمان بھی شریک تھے ۔
پی بی اے کے نوید کاشف ، امتنان شاہد اور سابق صدر سی پی این ای کاظم خان بھی ملاقات میں شامل تھے۔
صحافتی نمائندوں نے گورنر پنجاب سے کہا کہ ہتک عزت بل آزادی اظہار کا گلا دبانے کی کوشش ہے۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے ہتک عزت بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ شقوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا اور مشاورت کے بغیر بل پر دستخط نہیں کروں گا ۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے ۔