پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس میڈیسن کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کی ٹھیک طریقے سے طبی دیکھ بھال نہ کرنے پر چئیرمین پی سی بی نے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس میڈیسن کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس میڈیسن کے سربراہ کی تلاش کے لیے اشتہار دیا جائے گا اور اسسٹنٹ پروفیسر کو شعبے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جبکہ سربراہ کے انتخاب کے لیے میڈیکل کے سربراہان کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
پاکستان کی ٹیموں کے لیے تجربہ کار میڈیکل پینل تشکیل دیا جائے گا۔
میڈیکل کے شعبے کو جدید خطوط پر چلانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چئیرمین محسن نقوی شعبہ میڈیکل اور اسپورٹس میڈیسن کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں اور ڈاکٹر سہیل سلیم کے مستعفی ہونے کے بعد میڈیکل کے شعبے کے سربراہ کا عہدہ بھی خالی ہے۔