میرپورآزادکشمیر اسلام گڑھ کے مقام پر گزشتہ روز مظاہرین اور پولیس کے تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان قریشی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ، ان کی نماز جنازہ کل دوپہر تین بجے قائداعظم سٹیڈیم آزاد کشمیر میں ادا کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے شہر میرپور کے سیکٹر بندرال ہملٹ سے تعلق رکھنے والے تھانہ تھوتھول کے نوجوان ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان فاروق قریشی اسلام گڑھ میں مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسز کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس تصادم میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے جس پر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔نوجوان عدنان قریشی کی شہادت کی خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد پولیس اہلکاروں سے اظہار یکجہتی کیلئے میر پور ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی ۔
وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے شہید سب انسپکٹر عدنان قریشی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹرعدنان قریشی نے ڈیوٹی کے دوران جان دی،سب انسپکٹرعدنان قریشی کی شہادت پردل رنجیدہ ہے،ذمہ دارشرپسندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑاجائےگا،آزادکشمیرکےشہری ذمہ داری کامظاہرہ کریں،شہید سب انسپکٹر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔