چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اگر کسی جیالے کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو یہاں ہمارا گورنر موجود ہے، ، پنجاب کی نوکر شاہی ،پولیس اور انتظامیہ کو اب پتہ ہونا چاہیے کہ کسی جیالے سے ناانصافی ہوگی تو گورنر پنجاب اسے انصاف دلائیں گے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اتنے عرصے بعد پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر ایک جیالے کو دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے ، آپ سب کو مبارک ہو یہ ملک کے لیے بھی بہت ضروری ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جگہ واپس لے جو ایک سیاسی کارکن کی ہوتی تھی، آج کے سیاسی کارکن کی جو جگہ ہے وہ تو ٹک ٹاکرز نے لے لی ہے اور سیاسی کارکن پیچھے چلا گیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نو منتخب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں انقلاب اور تبدیلیاں سیاسی ورکر لے کر آتے ہیں، ہمارے عوام کے درمیان ایک نفرت کی سیاست کو فروغ دیا گیا، سردار سلیم حیدر کی ذمہ داری ہے کہ پورے پنجاب اور پاکستان کے سیاسی ورکرزکو عزت دیں اور یہ کسی بھی سیاسی کارکن کے لیے ایک اچھا پیغام ہے کہ جو محنت کرے گا تو سب سے اچھا عہدہ حاصل کر سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن کے طور پر انشاءاللہ وہ عوام کی آواز بنیں گے اور صوبے کے عوام کی نمائندگی کریں گے اور جب بھی ہمارے عوام چاہے وہ غریب مزدور، کسان ہو وکیل ہو یا کوئی دیگر طبقہ تکلیف میں ہوں تو ان کے لیے عوامی گورنر حل نکالیں گے اور ان کی بات سنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ غریب، مظلوم کسان اور وکیل کی آواز بنیں تو انشاءاللہ آنے والے الیکشن میں عوام آپ کے ساتھ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ عام طور پر یہ تاثر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پنجاب سے توجہ ہٹ گئی ہے مگر سردار سلیم حیدر کے حلف سے یہ بات غلط ثابت ہوئی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں دلچسپی رکھتی ہے اور یہ سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پنجاب تنظیم کے رہنماؤں راجہ پرویز اشرف اور دیگر سے میٹنگ میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ راجہ پرویز اشرف 100 دن میں پنجاب کی تنظیم سازی اور ریشفلنگ کریں گے اس میں پی ایس ایف اور پی وائی او کے بچوں اور خواتین کو بھی ساتھ لے کر چلیں ، اس تنظیم نو اور تنظیمی آپریشن کے بعد ہم ضلع وائز دورےکریں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشوز کی سیاست کر کے ہم اور پیپلز پارٹی آگے جا سکتے ہیں ، پیپلز پارٹی کا سیاسی سفر جمہوریت کو طاقتور کرنا ہے اور اس طرح ہم سیاست کریں گے، گورنر پنجاب اور ملک بھر کے جیالوں کو میں ایک مرتبہ پھر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔