سانحہ 9 مئی کے دلخراش سانحے کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے مگر شہداء کے لواحقین آج بھی دکھی ہیں۔ شہداء کے لواحقین نے سانحہ 9 مئی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
سانحہ 9 مئی کے حوالے سے شہداء کے لواحقین نے نم آنکھوں سے اپنے جذبات کا اظہار کیا، کیپٹن طہ ہاشمی شہید کی والدہ نے کہا کہ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ اللہ نے میرے بیٹے کو شہادت کے لیے چنا، ہمارے شہداء کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، کیا ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں چلی گئیں؟
طہ ہاشمی شہید کی بہن نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی قدر نہیں کرتی وہ مٹ جاتی ہیں،9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جو ناقابل برداشت تھا، شہداء کے لواحقین کے لیے ان کے پیاروں کی یادگاروں کی بے حرمتی دیکھنا نہایت تکلیف دہ تھا، میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ 9 مئی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
طہ ہاشمی شہید کی بہن نے کہا کہ مزید کہا کہ 9 مئی کو ہونے والا سانحہ انتہائی قابل مذمت ہے، میں نہیں سمجھتی کہ اس واقعے کی ذمہ داران مسلمان یا پاکستانی کہلانے کے لائق ہیں، یہ کیسے لوگ ہیں جو اپنے شہداء کی بے قدری کرتے ہیں۔