بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے پاک فوج کی جانب سے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی، ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق باکسر عامر خان نے اعزاز دینے پر پاک فوج کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اورآگے بڑھنے کی لگن موجود ہے ، کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر بہت سے نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ، فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
باکسر عامر خان کا کہناتھا کہ آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں، یونیفارم پہن کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی مجھے عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی،پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا،پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے، میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے۔
ان کا کہناتھا کہ ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی، ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں، میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔ تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کےجوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔