اسلام آباد ہائیکورٹ نے بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی سے متعلق بشریٰ بی بی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے دلائل مکمل کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بنی گالہ منتقلی سے متعلق چیف کمشنر کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے ، اسے کالعدم قرار دیا جائے ۔
سرکاری وکیل نے کہا جیل میں خطرے کے باعث بشریٰ بی بی کو بنی گالہ منتقل کیا گیا ہے ۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل کو مخاطب کرکے ریمارکس دیئے آپ کہتے ہیں عدالت پیش نہیں کر سکتے خطرہ ہے، کبھی کہتے ہیں جیل محفوظ نہیں ہے ، کیا آپ محفوظ ہیں؟، قیدی کی مرضی کیخلاف اس کی پراپرٹی کوسب جیل کیسے بنایا جاسکتا ہے؟۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں رکھنا پہلے سے طے شدہ تھا۔
بعدازاں، وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔