امریکی شہر نیویارک کے وسط میں واقع کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس کی جانب درجنوں پولیس اہلکاروں نے پیش قدمی کرتے ہوئے عمارت کو خالی کرانا شروع کر دیا ہے جس کے گرد فلسطین کے حامی طلبہ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے صحافی نے پولیس کو ٹرک سے ہیملٹن ہال کی دوسری منزل پر جاتے دیکھا۔ طلبا کے اخبار کولمبیا سپیکٹیٹر نے رپورٹ کیا ہے کہ گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کی جانب سے یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکہ کی یونیورسٹیوں کے منتظمین درجنوں کیمپس میں فلسطین کے حامی مظاہروں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکہ میں کالج انتظامیہ نے فلسطین کے حامی مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاجی کیمپوں کو ختم کر دیں۔ کئی مظاہرین نے معطلی اور بےدخلی کی دھمکیوں کے باوجود اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کی صدر نے فلسطین کے حامی طلبہ کے ہفتوں سے جاری مظاہروں کے بعد نیویارک کی پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ 17 مئی تک کیمپس میں رہیں۔
منگل کو کولمبیا یونیورسٹی کی صدر منوچے شافک کے دستخط شدہ خط میں پولیس سے کیمپس میں احتجاجی مقامات کو کلیئر کرنے میں مدد اور کم از کم 17 مئی 2024 تک کیمپس میں موجود رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔
کولمبیا میں مظاہرین نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان طلبہ کے مطالبات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ سکول اسرائیل سے منسلک تمام مالیاتی ہولڈنگز منقطع کر دے تاہم یونیورسٹی نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔