ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں لیڈی ڈاکٹر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور تیزاب کی دھمکی دینے والے سنیٹری ورکر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،ایف آئی آر کے مطابق ملزم خاتون ڈاکٹرکو دوران ڈیوٹی ہراساں کرتا تھا اور شکایت کی صورت میں چہرے پر تیزاب پھینکنے کی بھی دھمکی دی ۔
تھانہ گنج منڈی پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بطور ہاوس آفیسر ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے، ملزم محمد افضال ہسپتال میں بطور خاکروب کام کرتا ہے۔لیڈی ڈاکٹر کے مطابق ہسپتال میں خاکروب محمد افضال گذشتہ چارماہ سے اسے جنسی طور پر ہراساں کررہا ہے، منع کرنے پر دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو چہرے پر تیزاب چھڑک دے گا، پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزم کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاحال گرفتار نہیں ہوسکا، پولیس کا کہنا تھاکہ ہسپتال انتظامیہ نے شکایت کی ہے ملزم پہلے بھی ایسی کاروائیوں میں ملوث رہا ہے اور عادی مجرم ہے، ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر خاکروب کو معطل کرکے محکمانہ کاروائی کا بھی آغاز کردیا ہے۔