الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم کرلی۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پارٹی پوزیشن سے باضابطہ آگاہ کردیا ہے جس کے مطابق سنی اتحاد کونسل میں 82 آزاد ارکان قومی اسمبلی شامل ہوئے۔
ای سی پی کی دستاویز کے مطابق پنجاب سے 49 اور خیرپختونخواہ سے 33 آزاد ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے جبکہ پارٹی کو کوئی مخصوص نشست نہیں دی گئی۔
دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل دوسری بڑی جماعت ہے۔
قومی اسمبلی میں ن لیگ کے 120 ، پیپلزپارٹی کے 71 ، ایم کیو ایم کے 21 ، جے یو آئی کے 11 اور ق لیگ کے 5 ارکان ہیں۔
آئی پی پی کے 4 ، ایم ڈبلیو ایم ، پی کے میپ اور بی این پی کا ایک ایک رکن ہے جبکہ پی ایم ایل ضیا ، بی اے پی اور نیشنل پارٹی کے ممبران کی تعداد بھی ایک ایک ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں 7 ارکان آزاد ہیں۔