کراچی میں دو روز قبل غیرملکیوں پر ہونے والے خودکش دھماکے کے 3 مقدمات سرکاری مدعیت میں درج کرلیے گئے۔
کراچی میں جمعہ کے روز لانڈھی مانسہرہ کالونی میں خودکش دھماکہ کے تین مقدمات سی ٹی ڈی میں درج کرلیے گئے ہیں۔ مقدمہ ایس ایچ او شرافی گوٹھ ارشد اعون کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں ہلاک دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کو بھی نامزد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلا مقدمہ خودکش حملے کا درج ہوا، دوسرا مقدمہ دہشت گردوں سے ملنے والے اسلحے کا درج ہوا جبکہ تیسرا مقدمہ دہشت گردوں سے ملنے والے دھماکا خیز مواد اور گرنیڈز کا درج ہوا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ حملے میں 3 گاڑیوں، ایک سوزوکی پک اپ اور ایک موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا، موقع سے ہلاک دہشت گردوں کی موٹر سائیکل پولیس نے قبضے میں لی، پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی۔
متن میں بتایا گیا کہ دہشت گرد کے بیگ سے 4 ہینڈ گرنیڈ، آر جی ڈی، رائفل گرنیڈ اور ایس ایم جی رائفل گرنیڈ برآمد ہوئے، ملزمان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ گولیاں برآمد ہوئی، ایک ملزم کے کندھے پر پہنے ہوئے بیگ سے 4 عدد ایس ایم جی اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔