پاکستان کے 26 بینک محکمہ ایکسائز لاہور کے نادہندہ نکلے۔ محکمہ ایکسائز نے 18 ہزار 750 گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ ہونے پر تادیبی کارروائی کی وارننگ دے دی۔
بینکوں کے سربراہان کے نام لکھے خطوط میں گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ، 100 فیصد جرمانہ اور بینکوں کی جائیداد کی قرقی و نیلامی کی وارننگ دیدی گئی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بینک اپنی لیزشدہ گاڑیوں کی ماہانہ اقساط بمعہ سود وصول کرتے ہیں، بینک ایکسائزکا ٹوکن ٹیکس خود ادا کرتے ہیں نہ ہی قسطوں پر گاڑیاں لینے والوں کو تاکید کرتے ہیں، بارہا نوٹسز اوریاد دہانی کروانے پر بھی گاڑی ٹیکس جمع نہیں کروایا گیا۔
محکمہ ایکسائز لاہور کی جانب سے متعلقہ بینک حکام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ عملے کی گرفتاری، بینک کی جائیداد قرق و نیلام ہو سکتی ہے، 14 دن دن میں ٹیکس ادا نہ ہوا تو رجسٹریشن منسوخی کیساتھ بینک بھی سیل ہوگا، ٹوکن ٹیکس 100 جرمانےکیساتھ وصول کیا جائیگا۔