رمضان کے بعد مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ سات نو فیصد کی معمولی کمی آگئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 28.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 11 کے نرخ میں کمی آئی۔
گزشتہ ہفتے آلو اوسطاً 12 روپے اضافے سے 78 روپے فی کلو ہوگئے، ٹماٹر اوسطاً 13 روپے اضافے سے 117 روپے فی کلو تک پہنچ گئے جبکہ زندہ برائلرمرغی 54 روپے اضافے سے 516 روپے فی کلو تک فروخت ہوئی۔
لہسن ، گوشت ، دال ماش ، دال مونگ، دال چنا، خشک دودھ، چاول ، چینی اور پٹرولیم مصنوعات بھی مہنگی ہوئیں۔
بیس کلو آٹے کا تھیلا 130 روپے کمی سے 2323 روپے کا ہوگیا جبکہ ایل پی جی گھریلو سلنڈر 95 روپے کمی سے 3254 روپے کا ہوگیا۔
گزشتہ ہفتے انڈے 19 روپے فی درجن کمی سے 257 روپے تک پہنچ گئے۔